ٹائر پریشر مانیٹرنگ سسٹم

ٹائر پریشر مانیٹرنگ سسٹم


چند ماہ قبل میں نے ایک گاڑی خریدی اس کے ڈیش بورڈ میں ٹائر پریشر مانیٹرنگ سسٹم بھی لگا ہوا تھا جس کے ڈسپلے میں چاروں ٹائرز کی ریڈنگ ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے دیکھی جا سکتی تھی۔ یہ بہت اچھی سہولت تھی جو اس گاڑی میں موجود تھی۔ پھر چند وجوہات کی بنا پر وہ گاڑی فروخت کرنا پڑی تو جو اس کے بعد خریدی اس میں یہ سسٹم نہیں تھا۔

آن لائن سرچ کیا تو دراز پر یہ ڈیوائس نظر آ گئی جو ٹائر پریشر مانیٹرنگ کے لئے ایک عمدہ چیز لگی۔ اسے آپ کسی بھی گاڑی میں باآسانی انسٹال کر سکتے ہیں۔ اس میں دو قسم کے سسٹم آتے ہیں۔ ایک تو نوزل کے اوپر کسا جانے والا سینسر ہے جو آپ باہر سے ہی کس سکتے ہیں۔

لیکن اس میں قباحت یہ ہے کہ یہ چوری بھی ہوسکتا ہے اور دوسرا مسئلہ یہ کہ ہوا بھرنے کے لئے اسے ایک چھوٹے سے رینچ کی مدد سے کھولنا پڑتا ہے۔ اگر تو گاڑی کے ٹائر نئے ہیں تو پھر یہ بھی بہتر رہے گا کہ روزانہ ہوا بھرنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور اسے باربار کھولنا بھی نہیں پڑے گا۔

ایک دوسرا سسٹم وہ آتا ہے جس میں رم کی نوزل ہی نئی لگائی جاتی ہے اور سینسر اس نوزل کی اندرونی طرف فکس ہوتے ہیں۔ یہ زیادہ محفوظ سسٹم ہے۔ ان دونوں سسٹمز کے ڈسپلے میں چاروں ٹائرز میں ہوا کا پریشر اور ان کا درجہ حرارت آپ کے سامنے رہتا ہے۔ 

ڈسپلے ڈیوائس کی بیٹری اس کے اوپر لگی سولر پلیٹ سے بھی چارج ہو جاتی ہے اور آپ اسے چارجر کے ساتھ بھی چارج کر سکتے ہیں۔ اس میں جو ماڈل ونڈ سکرین کی اندرونی طرف فکس ہونے والا ہو وہ منگوائیں۔ ڈیش بورڈ پر رکھنے والا ڈسپلے خواہ مخواہ جگہ گھیر لیتا ہے۔ 

اگر ٹائر سے ہوا نکل جائے تو یہ سسٹم ایک بیپ الارم کے ذریعے ڈرائیور کو خبردار کر دیتا ہے اور فوری گاڑی کو روک کر ٹائر ڈیمیج ہونے سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

خاص طور پر وہ دوست جو موٹروے پر سفر کرتے ہیں ان کے لئے تو یہ کمال کی چیز ہے۔ اس کی قیمت چار سے پانچ ہزار روپے کی رینج میں ہے اور علی ایکسپریس کے علاوہ دراز کی ویب سائٹ سے بھی منگوایا جاسکتا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

Most Popular